نئی دہلی،4؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)لوک جن شکتی پارٹی نے بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے مطالبہ دہراتے ہوئے آج کہاکہ اس سے اس کی پسماندگی کا مسئلہ ختم ہوگا۔ایل جے پی کے سربراہ اور مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ بہار جب تقسیم نہیں ہوا تھا تو اس کی اقتصادی حالت اچھی تھی لیکن جھارکھنڈ کے الگ ہوجانے کے بعد سے تمام معدنیات اور صنعتیں وہاں چلی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے مطالبہ کو آندھرا پردیش کے ساتھ نہیں جوڑا جانا چاہئے کیوں کہ وہ ایک خوشحال ریاست ہے جب کہ بہار کافی پسماندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ واجپئی حکومت کے دوران بہار کی پسماندگی کے سلیل میں ایک کمیٹی قائم کی گئی تھی جس کے بعد سے معاملہ اب تک زیر التوا ہے۔ایل جے پی لیڈر نے کہا کہ چار سال پہلے بہار میں عوامی نظام تقسیم کے دکانوں سے راشن نہیں ملنے کی کافی شکایتیں ملتی تھیں لیکن اب یہ مسئلہ نہیں ہے۔ وہاں پی او ایس مشین کی کمی کا مسئلہ ہے جس کے حل کی کوشش کی جارہی ہے۔مسٹر پاسوان نے اس مرتبہ اترپردیش میں گیہوں کی ریکارڈ خریداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں 53لاکھ ٹن گیہوں کی خریداری کی گئی ہے او راس کے رکھنے کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔